سمبڑیال:سرکاری املاک پر قابض دکانداروں کا سامان ضبط
سمبڑیال،سیالکوٹ(سٹی رپورٹر،نمائندہ دنیا) اسسٹنٹ کمشنر غلام فاطمہ بندیال کی زیر نگرانی پیرا فورس اور میونسپل کمیٹی کی تجاوزات اور منافع خوری کیخلاف سمبڑیال میں مشترکہ کارروائیاں جاری، سرکاری املاک پر قابض دکانداروں کا سامان ضبط جبکہ متعدد کو تجاوزات پر جرمانے کئے ۔
اسسٹنٹ کمشنر کی زیر نگرانی ناجائز منافع خوری میں ملوث 7 دکانداروں کو جرمانے جبکہ ایک دوکاندار کیخلاف مقدمہ درج کروایا گیا۔سمبڑیال کے گردو نواح میں غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں اور گیس ریفلنگ کے خلاف بھی کاروائیاں جاری۔ متعدد غیر قانونی ایجنسیوں کے مالکان کیخلاف مقدمات درج کرواکر مشینیں ضبط کر لی گئیں۔دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر غلام فاطمہ بندیال نے تحصیل ہیڈ کوارٹر سمبڑیال کا دورہ بھی کیا۔ آؤٹ ڈور میڈیکل سٹور میں تعینات ملازم کو مریضوں کو دوائیاں فراہم نہ کرنے پر معطل جبکہ ناقص صفائی پر ایڈمن آفیسر کی سرزنش کی۔اسسٹنٹ کمشنر نے ڈاکٹرز، عملہ کی حاضری چیک کی۔ وارڈز کا معائنہ کیا، مریضوں اور لواحقین سے علاج معالجہ کی سہولیات بارے استفسار کیا اورکہافرائض میں غفلت اور مریضوں سے بداخلاقی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔