حافظ آباد :یوم آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کا آغاز

حافظ آباد :یوم آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کا آغاز

حافظ آباد (نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کاکہنا ہے کہ پاکستان کے 79ویں یوم آزادی، معرکہ حق کی کامیابی اور یوم استحصال کشمیر کو بھر پور ملی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منایا جائیگا۔

 حکومت پنجاب کی ہدایت پر یوم آزادی اور معرکہ حق کی 14روزہ تقریبات کا آغاز کر دیا گیا ۔تمام سرکاری و نجی عمارتوں کو خوبصورت رنگ برنگی لائٹوں ،برقی قمقموں ، قومی پرچموں سے سجایا جائیگا۔تعلیمی اداروں میں یوم آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی کے سلسلہ میں تقریری او رملی نغموں کے مقابلہ جات منعقد کر ائے جائینگے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کے 79ویں یوم آزادی، معرکہ حق کی کامیابی اور یوم استحصال کشمیر کی تقریبات کے انعقاد کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اﷲ ، ضلعی انتظامیہ ، ریسکیو 1122،محکمہ صحت ، تعلیم ، میونسپل کمیٹیوں ، زراعت ، لائیو سٹاک ، پولیس اور دیگر تمام ضلعی محکموں کے افسر شریک تھے ۔ ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ حکومتی ہدایت کے مطابق اس سال وطن عزیز کے یوم آزادی کو ماضی کی نسبت بھر پور اور جوش و خروش سے منایا جائیگااور بالخصوص بھارت سے جنگ کی کامیابی پر معرکہ حق کے حوالے سے بھی خصوصی تقریبات منعقد کی جائینگے ۔انکاکہنا تھا کہ پاکستان کی حفاظت اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر پور ی قوم کو اپنی افواج پاکستان پر فخر ہے کیونکہ تمام افواج پاکستان نے اپنی پیشہ و ارانہ صلاحیتوں ،قابلیت اور جرات و بہادری کا عملی مظاہرہ کر تے ہوئے دشمن بھارت کو عبرتناک شکست دی ۔انکاکہنا تھا کہ 14روزہ تقریبات میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر مختلف پروگرام اور تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا۔سکولوں او رکالجوں میں ملی نغموں اور تقریروں کے خصوصی پروگرام منعقد کیے جائینگے ۔تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں اور قومی پرچم لہرائے جائینگے ۔معرکہ حق کی کامیابی اور جشن آزادی کے سلسلہ میں ریلیاں نکالی جائینگی۔ کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا جائیگا اور وزیراعلیٰ کے سرسبز گرین پنجاب ویژن کے تحت شجر کاری کی جائیگی ۔انکاکہنا تھا کہ 5اگست تک یوم استحصال کشمیر کی تقریبات بھی منعقد کی جائینگی، جن میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور انکی آزادی کی جدو جہد پر انکی لازوال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا جائیگا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں