علی پورچٹھہ:ڈمپر کی ٹکر،لڑکا جاں بحق ، شہریوں کا احتجاج

علی پورچٹھہ:ڈمپر کی ٹکر،لڑکا جاں بحق ، شہریوں کا احتجاج

علی پورچٹھہ،وزیرآباد (تحصیل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر )نواحی گائوں کیلاسکے میں ڈمپر کی ٹکرسے لڑکا جاں بحق ہو گیا ، علاقہ مکین بے لگام ڈمپر مافیا کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے ۔12

 سالہ ابو بکر سائیکل پر گاؤں کی دکان سے سودا سلف لینے گیا کہ علی پورچٹھہ روڈ پر اچانک سامنے سے آنے والے ڈمپر کی زد میں آ کر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔واقعہ کے بعد گاؤں میں کہرام مچ گیا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر ڈمپر کو روک کر سڑک بند کر کے احتجاج شروع کر دیا اور ڈمپر مافیا مردہ باد کے نعرے لگائے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھاری ٹریفک خصوصاً ڈمپرز اور ٹرالے آئے روز حادثات کا سبب بنتے ہیں جنہیں گوجرانوالہ تا علی پور چٹھہ روڈ پر چلنے سے فوری روکا جائے ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ فوری طور پر کوئی جامع پالیسی مرتب کرے جس کے تحت بھاری گاڑیوں کو یا تو متبادل راستوں سے گزارا جائے یا انہیں صرف رات گئے محدود اوقات میں شاہراہ استعمال کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے ۔ اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی ،لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں، گزشتہ مہینوں میں بھی بھاری گاڑیوں کے باعث کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں لیکن انتظامیہ کی پراسرار خاموشی نے ڈمپر مافیا کو بے لگام کر دیا،تحصیل و ضلعی انتظامیہ ڈمپروں کیلئے ایس او پیز بنائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں