شہر کی خوبصورتی کیلئے چوکوں میں نصب ماڈلز کے جنگلے غائب،اطراف میں کوڑا جمع
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)شہر بھر میں لگے کروڑوں روپے مالیت کے ماڈلز اپنا حسن کھونے لگے ، ماڈلز پر مختلف کمپنیوں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے لگائے جانے والے پوسٹرز سے خوبصوتی مانند پڑنے لگی۔
گوجرانوالہ کو خوبصورت اور جاذب نظر بنانے کیلئے شہر کے چوکوں میں کروڑوں روپے کے ماڈلز لگائے گئے تھے جن میں جناح روڈ پر قائد اعظم پورٹریٹ ، گوندلانوالہ اڈاچوک پر پہلوانوں کا گرز، فریدر وڈ کشمیر روڈ چوک میں گھوڑے ، باغبانپورہ چوک حافظ آباد روڈ چوک پر ورلڈ گلوبل،دھلے چوک میں ٹاور،بائی پاس چوک رتہ جھال ڈولفن مچھلیاں ،جی ٹی روڈ کنگنی والا کے قریب پہلوان،گوندلانوالہ چوک کے قریب تانگہ گھوڑا،نگار چوک کے قریب بیل ،حیدری انڈر پاس کے قریب کنویں کے ماڈلز رکھے گئے تھے ۔ کچھ ماڈلز کا رنگ بھی خراب ہو گیا ہے ،کچھ ماڈلز پر مٹی کی تہیں جمی ہوئی ہیں جبکہ بعض جگہوں پر ان ماڈلز کے اطراف میں کوڑے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جبکہ ان کی اطراف میں لگے لوہے کے جنگلے بھی غائب ہو گئے ہیں ۔شہریوں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ پوسٹرز کو فوری طور پر ہٹا کر ماڈلز کو اصل حالت میں بحال کرے ۔