گٹروں،نالوں کا پانی چھوڑدیا،حافظ آباد کا فیملی پارک جوہڑ میں تبدیل،شہریوں کا احتجاج
حافظ آباد(نامہ نگار، نمائندہ دنیا )حافظ آباد میں پارک روڈ پر واقع شہر کا خوبصورت فیملی پارک میونسپل کمیٹی کے افسر وں کی غفلت اور لاپروا ئی کے باعث جوہڑ میں تبدیل ہوگیا۔
گٹروں اورنکاسی آب کے نالوں کا پانی پارک میں چھوڑ دیا گیا جس سے پارک میں گنداپانی کھڑا ہونے سے تعفن پھوٹنے لگا۔ علاقہ مکین اور شہری میونسپل کمیٹی کے افسروں کی غفلت اور لاپروا ئی کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے ۔ تفصیلات کے مطابق فیملی پارک پارک روڈ جو کبھی شہر کا خوبصورت پارک تھا یہاں پر شہری اپنی فیملیوں کے ہمراہ صبح وشام سیروسیاحت کے لئے آتے تھے لیکن اب اس پارک میں گٹروں اور نالوں کا گنداپانی چھوڑد ئیے جانے سے پارک گندے جوہڑ میں تبدیل ہوکر جہاں ستھراپنجاب پروگرام کا ماتم کررہاہے وہاں میونسپل کمیٹی کے افسر وں کی کارکردگی پر بھی گریہ زاری کررہاہے ۔شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ ، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ پارک سے گٹروں کے گندے پانی کو نکلواکر پارک کی افادیت کو بحال کیا جائے تاکہ شہری صحت مند ماحول میں سیر و تفریح کر سکیں ۔