اندرون شہر کئی علاقوں میں پائپ لائنوں سے گیس کے بجائے پانی نکلنے لگا،صارفین پریشان
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)پائپ لائنوں سے گیس کے بجائے پانی نکلنے لگا، جس کے باعث شہریوں کو کم پریشر اور گیس کی بندش کا سامنا ہے ۔
مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور گوجرانوالہ کے متعدد علاقوں میں گیس پائپ لائنوں میں بارش کا پانی داخل ہو چکا ہے ، جس کی وجہ سے کئی گھروں میں چولہا جلانے پر گیس کے بجائے پانی نکل رہا ہے ۔شاہین آباد، چھیچھروالی، محمد پورہ، گوبند گڑھ، کالج روڈ، نعمانیہ روڈ، کنگنی والا، جناح روڈ، نوشہرہ روڈ اور وحدت کالونی کے شہریوں نے بڑی تعداد میں شکایات درج کروائی ہیں کہ ان کے علاقوں میں گیس کی بجائے پائپ لائنوں سے پانی آ رہا ہے ۔اندرونِ شہر برسوں پرانی گیس کی پائپ لائنیں بوسیدہ ہو چکی ہیں، جن میں لیکج کے باعث بارش کا پانی داخل ہو رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں کئی سال قبل ایک انچ قطر کی پائپ لائن بچھائی گئی تھی، جو اب مکمل طور پر ناکارہ ہو چکی ہے ۔ گیس حکام کا کہنا ہے کہ بیشتر علاقوں میں پرانی لائنیں تبدیل کر دی گئی ہیں اور جن علاقوں میں پائپ رہ گئے ہیں انہیں بھی جلد تبدیل کر دیا جائے گا ، پائپ لائنوں میں پانی آنے کی شکایات کودور کر لیا گیا ہے ۔