اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر سیالکوٹ میں سیمینار
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر 11 اگست کو اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر سوشل ویلفیئر کمپلیکس سیالکوٹ میں۔۔
سیمینار منعقد ہوا، جس میں مختلف مذاہب اور مکاتب فکر کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شریف گھمن نے کی جبکہ سردار جسکرن سنگھ، حکیم رتن کال، بشپ شمشاد گل، اعجاز نوری، اشفاق نذر گھمن، مرزا عبدالشکور، پیر غلام حسین سلطانی، شمائلہ افتخار و دیگر نے خطاب کیا۔تقریب میں شادی لال، سائیں داو، خرم شہزاد، پادری ولسن، حکیم عارف حسین، مختار احمد، شہباز مغل، حافظ سیف اﷲ، شاہد اسحق سمیت اقلیتوں کے عمائدین اور نمائندے شریک ہوئے ۔مقررین نے اپنی تقاریر میں قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947 کے تاریخی خطاب کو یاد کیا اور اس پیغام کو دہراتے ہوئے کہا کہ آپ آزاد ہیں، آپ آزاد ہیں کہ اپنے مندروں میں جائیں، آپ آزاد ہیں کہ اپنی مساجد میں جائیں، یا کسی اور عبادت گاہ میں، اس ریاستِ پاکستان میں آپ کا تعلق خواہ کسی مذہب، ذات یا عقیدے سے ہو ، اس کا ریاست کے امور سے کوئی تعلق نہیں۔ شریف گھمن نے کہا کہ قائد کا یہ و ژن آج بھی پاکستان کی اساس ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے منیارٹی کارڈ کا اجرا اسی وژن کی عملی تصویر ہے جو اقلیتوں کو مساوی حقوق اور سہولتوں کے حصول میں مدد فراہم کرے گا۔