ترقی کیلئے بچوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دینا ہو گی:رانا سعید
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )پنجاب ہائی وے پٹرول گوجرانوالہ ریجن کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والے پنجاب ہائی وے پٹرول کے۔۔۔
افسر وں و ملازمین کے بچوں کے اعزاز میں پروقار تقریب پٹرولنگ پولیس پوسٹ پل جوریاں میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی ایس پی پٹرولنگ رانا سعید انور نے میٹرک امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو خصوصی انعامات اور تعریفی شیلڈز پیش کیں جبکہ والدین کو بھی مبارکباد دی ۔ایس پی ریجن ذوالفقار احمد ورک نے بھی طلبہ میں انعامات تقسیم کیے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی پٹرولنگ رانا سعید انور نے کہا کہ موجودہ دور میں پوری دنیا میں ترقی کی دوڑ جاری ہے اور اس دوڑ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے معیاری تعلیم ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینا ہو گی تاکہ یہ بچے مستقبل میں پاکستان کے معمار بن کر ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ رانا سعید انور نے مزید کہا کہ والدین کی محنت اور رہنمائی بچوں کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے ، اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیمی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ہر ممکن مواقع فراہم کریں۔