بغیر سائلنسر موٹرسائیکل چلانے ، ون ویلنگ کرنیوالوں کیلئے شکنجہ تیار ، 7 سکواڈ تشکیل
گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس نے بغیر سائلنسر ، زگ زیگ موٹر سائیکل چلانے اور ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ۔اس سلسلے میں 7 اینٹی ون ویلنگ سکواڈز تشکیل دے د ئیے گئے ۔
اینٹی ون ویلنگ سکواڈ سیف سٹی کے ساتھ مل کر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے ،شہر بھر میں 14 مقامات پر ناکہ بندی کی جائے گی اور ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ون ویلرز / بغیر سائلنسر اور زگ زیگ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے شہر میں روٹین ڈیوٹی کے علاوہ 116 ٹریفک افسر و ملازمین تعینات کئے گئے ہیں ۔اس موقع پر سی ٹی او عائشہ بٹ کا کہنا ہے کہ ون ویلنگ کھیل نہیں موت ہے ،خونی کھیل کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔چیف ٹریفک آفیسر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور خونی کھیل سے منع کریں،سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے جس سے ون ویلنگ کرنے والوں کی نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔