کنگنی والا بائی پاس کے قریب چھاپہ ، میٹل فیکٹری میں کروڑوں کی گیس چوری پکڑی گئی
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)سوئی ناردرن گیس کی ٹیموں کا گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن ،کنگنی والا بائی پاس کے قریب نجی ٹاؤن سے گزرنے والی گیس پائپ لائن سے ڈائریکٹ پائپ لگا کر میٹل فیکٹری میںکروڑوں کی گیس چوری پکڑی گئی ۔
جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس کمپنی عمران الطاف ساہی کی ہدایت پر چیف انجینئر اشرف مغل کی نگرانی میں سوئی ناردرن کی ویجلینس ٹیموں نے کنگنی والا کے قریب نجی ٹاؤن سے گزرنے والی گیس پائپ لائن سے زیر زمین ڈائریکٹ پائپ لگا کر کمپریسر کے ذریعے کی جانے والی گیس چوری پکڑ لی۔کھدائی پرمعلوم ہوا کہ گیس چوری میٹل فیکٹری کیلئے کی جا رہی تھی۔ فیکٹری میں گیس کنکشن بھی نہیں تھا ۔ڈائریکٹ پائپ لگا کر گیس چوری کی جا رہی تھی جس سے سوئی ناردرن گیس کمپنی کو کروڑوں کا نقصان ہو رہا تھا۔ ٹیموں نے چھ سومیٹرگیس پائپ لائن اور دو بڑے بڑے کمپریسر بر آمد کر کے مقدمہ درج کروادیا ۔جنرل منیجر عمران الطاف ساہی کا کہنا تھا کہ گیس چوری سے کمپنی کوجو نقصان ہوا وہ ریکور کیا جائے گا۔ریجن بھر میں گیس چوروں کیخلاف آپریشن شروع کر رکھا ہے ۔