نظام مصطفیؐ کیلئے جدو جہد کوتیز کرنا ہو گا:سنی تحریک
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام استقبالِ ربیع الاول کے سلسلے میں عظیم الشان میلاد ریلی ایمن آبادی گیٹ سے پنڈی بائی پاس تک نکالی گئی جس میں علمائے کرام، مشائخ عظام اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سنی تحریک وسطی پنجاب کے صدر علامہ طاہر رضا قادری نے کہا کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کیلئے باعثِ رحمت ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تاجدارِ ختمِ نبوت کا 1500 سالہ جشنِ ولادت عاشقانِ رسول انتہائی شایانِ شان طریقے سے منائیں گے ،ماہ ربیع الاول میں گلیاں بازار سجانے کے ساتھ ہمیں اپنے کردار کو بھی سجانا ہو گا،میلاد مصطفی منانے کا حقیقی فائدہ تب ہو گا جب سیرت مصطفی پر عمل پیرا ہوں گے ،ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کیلئے جدو جہد کوتیز کرنا ہو گا۔علامہ طاہر رضا قادری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ماہِ ربیع الاول کی آمد سے قبل میلاد جلوسوں کے تمام روٹس اور دیگر انتظامی معاملات فوری طور پر حل کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جشنِ میلاد کے شایانِ شان انعقاد کیلئے سرکاری سطح پر فنڈز بھی مختص کرے تاکہ ملک بھر میں محافلِ میلاد اور درود و سلام کے پروگراموں کو بہترین انداز میں منظم کیا جا سکے ۔ ریلی کے اختتام پر سیالکوٹی گیٹ پر عالمِ اسلام اور وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔