سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف آپریشن جاری ہے :کمشنرساہیوال
ساہیوال (نامہ نگار)کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کم کرنے کے لیے ڈویژن بھر میں ریلیف آپریشن پوری قوت سے جاری ہے اور اس وقت تک کسی بھی متاثرہ فرد یا مویشی کی جان ضائع نہ ہونا خوش آئند ہے ۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح متاثرہ عوام کی بحالی اور انکے مال مویشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ طغیانی سے ساہیوال کے 785 دیہات متاثر ہوئے جن میں سے اب تک 4 ہزار 24 افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔ تینوں اضلاع میں قائم ریلیف کیمپس میں 5 ہزار 673 متاثرین کو رہائش اور خوراک کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ۔ اسی طرح اب تک 22 ہزار 142 مال مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ہے ۔ڈاکٹر آصف طفیل نے مزید بتایا کہ سیلاب سے 1 لاکھ 74 ہزار 110 ایکڑ زرعی زمین متاثر ہوئی ہے تاہم خوش قسمتی سے کسی بھی انسانی جان یا مویشی کے ضائع ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔