علی پور چٹھہ:غیر رجسٹرڈ پہرہ دار سرگرم، پولیس لاعلم نکلی
علی پور چٹھہ(تحصیل رپورٹر )شہر میں غیر رجسٹرڈ پہرہ دار سرگرم، پولیس لاعلم نکلی ،ماہانہ رقوم وصولی پر شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔علی پور چٹھہ سٹی کے گلی محلوں میں رات کے اوقات میں پہرہ دینے والے نام نہاد چوکیداروں سے متعلق پولیس لاعلم نکلی۔
شہریوں سے ماہانہ رقوم وصول کیے جانے کے باوجود چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں نہ رک سکیں، جس پر عوامی و سماجی حلقوں نے پولیس کی غفلت پر شدید احتجاج کیا ہے ۔ برسوں سے چند افراد جنہیں مقامی سطح پر پٹھان پہرہ دار کہا جاتا ہے رات کے وقت گلیوں میں سائیکلوں پر سیٹھی بجا کر گشت کرتے ہیں۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ یہ افراد ہر گھر سے ماہانہ 200 سے 400 روپے تک وصول کرتے ہیں اور بحث کرنے والوں کو یہ کہہ کر خاموش کر دیا جاتا ہے کہ
اگر پہرہ نہ دیا تو چوری کی ذمہ داری ان پر نہیں ہوگی۔ اہلِ علاقہ کے مطابق پہرہ داروں کی موجودگی کے باوجود چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں جاری ہیں جبکہ پولیس نے آج تک ان افراد کا کوئی اندراج نہیں کیا۔ رابطہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ علی پور چٹھہ نے بتایا کہ بازاروں میں تاجروں کی جانب سے رکھے گئے چند چوکیداروں کا ریکارڈ موجود ہے تاہم بعض افراد کا اندراج نہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے فوری نوٹس لینے غیر رجسٹرڈ پہرہ داروں کی جانچ اور عوام سے جبری رقم وصولی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے ۔