لدھیوالہ:پراپر ٹی ڈیلر نے جعلسازی سے خاتون کوپلاٹ بیچ ڈالا
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک(نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی )لدھیوالہ میں پراپرٹی ڈیلر نے انتقال کر جانے والی خاتون کا پلاٹ مبینہ طور پر اپنا ظاہر کر کے 24لاکھ روپے فروخت کر دیا اورخریدار کو جعلی رجسٹری کر ا دی، لدھیوالہ پولیس نے خاتون خریدار کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ۔
بتایا گیا ہے کہ لدھیوالہ کی غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی حسنین سٹی میں شیخوپورہ کے علاقے فاروق آباد کی رہائشی انتقال کر جانے والی خاتون کا دو کروڑ روپے کا 16 مرلے کا پلاٹ تھا اور پراپراٹی ڈیلر وقاص بھٹہ نے مبینہ طور پر وہ پلاٹ اپنا ظاہر کر کے نازیہ قیصر نامی خاتون کو اس میں سے 3 مرلے کا پلاٹ 24 لاکھ روپے میں فروخت کر دیا اور جعلی رجسٹری بھی بنوا دی، خریدار خاتون پلاٹ پر گھر تعمیر کرنے لگی تو اصل مالک خاتون کے بیٹے موقع پر پہنچ گئے اورانہوں نے پلاٹ پر تعمیر رکوادی ،تھانہ لدھیوالہ پولیس نے نازیہ قیصر کی درخواست پر پراپرٹی ڈیلر کے خلاف جعلسازی کا مقدمہ درج کر لیا ۔ نازیہ قیصر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ تفتیشی سب انسپکٹر نوید انور نے ملزم کوگرفتار کرنے کے بجائے ایف آئی کار کی کاپی دی تاکہ وہ فوری عبوری ضمانت کرا لے۔، متاثرہ خاتون نے سی پی او ڈاکٹر غیاث گل سے اپیل کی کہ جعلسازی کے مرتکب پراپرٹی ڈیلر سے اسکی رقم واپس دلائی جائے ۔