سیالکوٹ : نو تعمیر سڑک کے درمیان کھمبے: ٹریفک بہائو میں رکاوٹ
ایئرپورٹ روڈ کی تعمیر و توسیع کے باوجود گوہدپور کے مقام پر سڑک کے درمیان درجنوں بجلی کے کھمبے مسافروں کیلئے خطر ہ ،حادثات میں متعدد افراد زخمی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ایئرپورٹ روڈ کی تعمیر و توسیع کے باوجود گوہدپور کے مقام پر سڑک کے درمیان موجود درجنوں بجلی کے کھمبے مسافروں کیلئے خطر ہ بن گئے ، ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کیساتھ ساتھ کسی بڑے حادثے کا پیش خیمہ بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔ جدید ترین سڑک کی تعمیر کے باوجود کھمبوں کو نہ ہٹایا جانا متعلقہ محکموں کی غفلت اور ناقص منصوبہ بندی کو واضح کرتا ہے ۔روزانہ ہزاروں گاڑیاں مرکزی شاہراہ سے گزرتی ہیں جو سیالکوٹ کو ایئرپورٹ، سمبڑیال اور دیگر اہم علاقوں سے ملاتی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب سڑک تعمیر کی جا رہی تھی تب کھمبوں کی منتقلی کا کام بھی ساتھ ساتھ ہونا چاہیے تھا مگر متعلقہ محکموں کی عدم توجہ کے باعث یہ مسئلہ اب عوام کیلئے وبالِ جان بن چکا ہے ۔ مقامی افراد اور دکانداروں نے بتایا کہ چند ہفتوں کے دوران متعدد بار موٹر سائیکل سوار کھمبوں سے ٹکرا کر زخمی ہو چکے ہیں، رات کے وقت جب روشنی کم ہو جاتی ہے تو کھمبے بالکل نظر نہیں آتے اور گاڑیوں کیلئے خطرہ دوگنا ہو جاتا ہے ، دھند میں حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث ڈرائیور کھمبے آخری لمحے تک دیکھ ہی نہیں پاتے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حساس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور متعلقہ محکموں، خصوصاً واپڈا کو کھمبوں کی فوری منتقلی کیلئے احکامات جاری کریں۔