راوی،نالہ بسنتر اور ڈیک پر حفا ظتی بند بنانے بارے اجلاس
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )چیئرمین بیت المال پنجاب و ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ وسیم کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چودھری انوار الحق،کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب احمد اقبال چودھری، چیئرمین وزیراعلٰی ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان اور ڈپٹی کمشنر نارووال طیب خان اور ضلعی انتظامیہ کے افسروں نے شرکت کی۔ضلع نارووال کی حدود میں محکمہ ایریگیشن فلڈ بند ڈویژن،محکمہ بلڈنگ اور ہائی ویز کیجانب سے جاری ترقیاتی سکیموں بارے گفتگو کی گئی۔ایکسین ایریگیشن فلڈ بند ڈویژن انجینئرعلی رضا کی جانب سے فورم کو دریائے راوی،نالہ بسنتر اور نالہ ڈیک پر فلڈ پروٹیکشن بند اور واٹر چینلز بنانے کی بابت بنائی جانے والی نئی سکیموں بارے آگاہ کیا۔نارووال انڈسٹریل اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی لینڈ ایکوزیشن،چلڈرن لرننگ پارک کی تعمیر،نارووال میڈیکل کالج کی بلڈنگ سمیت محکمہ ہائی ویزے کی زیر نگرانی جاری روڈ سیکٹر کی سکیموں بارے بھی گفتگو کی گئی۔