بینظیر بھٹو شہید کی18 ویں بر سی پر پیپلز پارٹی کی تقریب
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی ضلع گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام شہیدِ جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کی مرکزی تقریب پیپلز سیکرٹریٹ این اے 78ٹرسٹ پلازہ گوجرانوالہ میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں پارٹی عہدیداروں، کارکنوں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے عظیم قائد کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی گوجرانوالہ کے جنرل سیکرٹری ارشاد اللہ سندھو اور امیدوار این اے 78 طارق محمود مغل نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو صرف سیاستدان نہیں بلکہ ایک عالمی نظریے کا نام تھیں۔ انہوں نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور عوام کے حقوق کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ میں خود کو امر کر لیا۔ آج 18 سال گزرنے کے بعد بھی ان کی یادیں اور ان کا فلسفہ جیالوں کے دلوں میں زندہ ہے ۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ بی بی شہید کے مشن کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں منطقی انجام تکپہنچائیں گے ۔ محترمہ بینظیر بھٹو ایک جرات مند اور نڈر خاتون تھیں جنہوں نے جنرل ضیا الحق کی بدترین آمریت اور ڈکٹیٹر شپ کا تن تنہا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے کبھی بھی مصلحت پسندی سے کام نہیں لیا اور ہمیشہ وفاقِ پاکستان، جمہوریت اور پسے ہوئے طبقات کی بات کی، پاکستان کی سالمیت اور ایٹمی پروگرام کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔