سیالکوٹ:پرانی سبزی منڈی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)پرانی سبزی منڈی کیپٹل روڈ پر تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے جس کے دوران 200 سے زائد مستقل تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا ذاتی طور پر جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کی اور انہوں نے احکامات جاری کئے کہ تمام تجاوزات کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔اس موقع پر سی ای او میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو مارکیٹ کمیٹی کے سیکرٹری اور نمائندگان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ، تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سبزی منڈی7سال قبل اس جگہ سے ایمن آباد روڈ پر منتقل ہو چکی ہے اور اب اس جگہ پر کاروبار کرنے اور خرید و فروخت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کیا گیا ہے اور اس جگہ کو مفاد عامہ کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ اس جگہ پر ایک منصوبہ بنایا جا رہا ہے جس کے مطابق یہاں پر فوڈ سٹریٹ قائم کی جائے گی۔اس کے علاوہ گرین ایریا ہوگا اور سہولت بازار کی طرز پر ماڈل دکانیں قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اہم اجلاس سوموار کو ہوگا اور اس منصوبہ پر جلد از جلد عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔