گڈ فرائیڈے ، ایسٹر پر سخت سکیورٹی ،2500اہلکارتعینات
مذہبی تقریبات کیلئے سکیورٹی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے :سی پی او
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)گوجرانوالہ پولیس کا گڈ فرائیڈے و ایسٹر پر فول پروف سکیورٹی پلان،2500 سے زائد پولیس افسرواہلکارڈیوٹی پر تعینات،ضلع بھر کے گرجا گھروں میں مذہبی تقریبات کی سکیورٹی اورجلوسوں کیلئے انتظامات مکمل،لاؤڈ سپیکر، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر سخت پابندی عائد،مذہبی اجتماعات کے روٹس، آغاز و اختتام کی سخت مانیٹرنگ ہوگی ،چرچز و دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی کیلئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے پولیس افسروں کو احکامات جاری کرتے کہا گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر مذہبی تقریبات کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔چرچز میں آنے والے افراد کی چیکنگ میٹل ڈیٹیکٹرز سے کی جائے جبکہ حساس مقامات کی سوئپنگ سپیشل برانچ کے ذریعے مکمل کی جائے ۔ سول ڈیفنس، بم ڈسپوزل سکواڈ ،رضاکاروں،ریسکیو اور فائر بریگیڈاہلکاروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رکھا جائے ۔ چرچز انتظامیہ کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن رکھی جائے ، کسی غیر شناخت شدہ شخص کو عبادت گاہ میں داخل نہ ہونے دیا جائے ،تمام مذہبی تقریبات کی ویڈیو ریکارڈنگ کو یقینی بنایا جائے ۔