پاکستان سے مسلم دنیاکوبہت سی امیدیں وابستہ :قمر زمان کائرہ
اسرائیل نے مکاری سے امریکہ کو ایران کیخلاف جنگ میں جھونکا جو قابو سے باہر ہو چکی
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا عظیم تحفہ ہے اور اس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کو بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم غیور ہے اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے ، جو ہر مشکل وقت میں متحد ہو کر وطن کے دفاع کے لیے کھڑی ہوتی ہے ۔وہ سابق کونسلر یونین کونسل گھکا میتر حافظ عبدالوحید انجم کے بیٹے عبدالرحمان بٹ کی شادی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے اس موقع پر میاں اعجاز قیصر ،قمر شہزاد ،رضائے مصطفی مہر و دیگر بھی موجود تھے انہوں نے دلہن کے والد پرنس ندیم ڈار کو اس پر مسرت موقع پر مبارکباد پیش کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ میں پوری پاکستانی قوم ایرانی عوام کی فتح و نصرت کے لیے دعاگو ہے اور اس حوالے سے یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے جس مکاری سے امریکہ کو ایران کے خلاف جنگ میں جھونکا، وہ اب اس کے قابو سے باہر ہو چکی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو بھی اپنی غلطی کا ادراک ہو چکا ہے اور وہ باعزت واپسی کا خواہاں دکھائی دیتا ہے ۔ دنیا پر یہ واضح ہو چکا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل اس جنگ میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں اور انہیں سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔