تعلیم کے شعور،بہبود،حقوق کی آگاہی پر ورکشاپ اختتام پذیر

 تعلیم کے شعور،بہبود،حقوق کی آگاہی پر ورکشاپ اختتام پذیر

سماجی تنظیم کے تحت ٹریننگ مکمل کرنیوالے طلباو طالبات کو اعزازی سرٹیفکیٹس تقسیم

حافظ آباد(نمائندہ دُنیا)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد (سب کیمپس حافظ آباد)کے طلبا و طالبات کے ذریعے عوام میں تعلیم کے شعور،سماجی بہبوداور انکے دیگر حقوق کی آگاہی کے سلسلہ میں شعور فاؤنڈ یشن کے پروگرام چراغ سے چراغ پروگرام کے تحت دو روزہ ٹریننگ ورکشاپ پذیرہوگئی ۔طلبا و طالبات کے گروپس نے دور دراز علاقوں میں جا کر عوام کو تعلیم کے فروغ،سماجی بہبود،صحت سمیت دیگر بنیادی حقوق کے حوالہ سے شعور اور آگاہی فراہم کی۔جی سی یونیورسٹی سب کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خرم اشفاق ایگزیکٹیو ڈائریکٹر شعور فاؤنڈیشن راجہ شعیب پراجیکٹ ڈائریکٹر میڈم فضاء،پراجیکٹ ٹرینر خرم ملک اور میڈم ارم نے ٹریننگ مکمل کرنے والے طلباو طالبات میں اعزازی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے ۔

تقریب سے خطاب کرتے مقررین کا کہنا تھا کہ چراغ سے چراغ پروگرام کا مقصد بھی ایک شمع سے دوسری شمع جلانے کے مترادف ہے انکا کہنا تھا کہ آج کے نوجوان ہی کل کے پاکستان کو روشن مستقبل ہیں اور ان کے ذریعے ہی دور دراز علاقوں کے مرد وخواتین اور بالخصوص نوجوانوں میں یہ شعور و آگاہی دینا ہے کہ علم کا حصول سب کے لیے بہت ضروری ہے اور جب انسان تعلیم یافتہ ہو جا تاہے تو اسے اپنے تمام بنیادی حقوق کا بھی علم ہوتا ہے ۔انکا کہنا تھا کہ یونیورسٹی طلباء و طالبات نے نہائت جانفشانی اور لگن کے ساتھ فیلڈ ورک کرتے ہوئے عوام کو یہ پیغام دیا کہ علم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا اور علم ہی ایسا چراغ اور روشنی ہے جس سے وہ اپنی،قوم اور اپنے ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں