ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتارتکمیل ترجیح :صوبائی وزیر رانا سکندر
تعلیمی بورڈ ہال کی بروقت تکمیل پر ملازمین کیلئے دو، دوتنخواہوں کے برابربونس کااعلان
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ میں ملٹی پرپز ہال کے افتتاح پر شاندار انتظامات اور بروقت تکمیل پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن/چیئرمین ایجوکیشن بورڈ گوجرانولہ نوید حیدر شیرازی اور انکی پوری ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیااور شاباش دی، نوید حیدر شیرازی کا نام خصوصی انعام کیلئے ہائیر اتھارٹیز کو بھجوانے کا اعلان کیا۔وزیر تعلیم نے گوجرانولہ بورڈ کاامتحانی نظام ڈیجیٹائز کرنے کے تمام پراسس کو خود سکین کرکے چیک کیا اور اسے شفاف امتحانات کیلئے کنکریٹ ورک قرار دیا اپنے خطاب میں کمشنر کی طرف سے بورڈ کی جگہ پہ قبضہ ختم کروا کر ہال کے ساتھ متصل پارکنگ بنوانے کے اقدام کو بھی سراہا اور کہاعوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے ، گوجرانوالہ کا یہ منصوبہ اسی وژن کی عملی مثال ہے ۔ انہوں نے پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل پر خصوصی انعام کا اعلان کرتے کہا تمام بورڈ ملازمین و افسروں کو دو، دو بنیادی تنخواہوں کے برابر بونس دیا جائے گا۔ تقریب میں کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر احتشام جان بٹ سیکرٹری بورڈ پروفیسر رشید بھٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر امان اللہ راٹھور ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ندیم ،سی ای او ایجوکیشن عطیہ ارشد ملک اور دیگر فسروں نے شرکت کی ۔