نکاسی آب ،سیوریج مسائل جلد نمایاں کم ہونگے :سائرہ افضل

 نکاسی آب ،سیوریج مسائل جلد نمایاں کم ہونگے :سائرہ افضل

ضلع بھر میں200 کلومیٹر سے زائد سڑکیں تعمیر ،بین الاضلاعی روڈزپر بھی کام جاری

 حافظ آباد(نمائندہ دُنیا)وزیراعلیٰ کی کو آرڈینیٹر، رکن قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ نے پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ضلع حافظ آباد کی ترقی کیلئے تاریخ ساز اقدامات کر رہی ہے ۔ واسا نے حافظ آباداور پنڈی بھٹیاں میں بڑا منصوبہ شروع کیا ہے جومکمل ہونے پر چند ماہ میں ضلع بھر میں نکاسی آب وسیوریج مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پریس کلب/یونین آف جرنلسٹس کے صدر چودھری امتیاز تاج، جنرل سیکرٹری مہر حبیب اﷲ، نائب صدر حافظ عبدالقدیر چودھری، سابق صدر چودھری جاوید اسد، مظہر وڑائچ، سابق چیئرمین ملک ہمایوں شہزاد ودیگرصحافی موجود تھے ۔ سائرہ افضل نے مزید کہاضلع بھر کے بنیادی مراکز صحت کو مریم نواز ہیلتھ کلینکس میں تبدیل کیا جا چکا ہے اور تمام مراکز سو فیصد فعال ہیں۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ادویات موجود اور 42 کنسلٹنٹ ڈاکٹرز خدمات انجام دے رہے ہیں،

آئی سی یو میں وینٹی لیٹرز موجود ،تین ماہ میں انجیوگرافی اور انجیو پلاسٹی کی سہولت بھی فراہم کر دی جائیگی۔ انہوں نے کہاضلع بھر میں200 کلومیٹر سے زائد سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں جبکہ بین الاضلاعی سڑکوں پر بھی کام جاری ہے ۔ علی پور روڈ، خانقاہ ڈوگراں روڈ، سکھیکی روڈ، رابطہ سڑکیں اور فلائی اوورز اسکی واضح مثالیں ہیں۔ ایسٹرن بائی پاس جلد مکمل ہوگا جبکہ حافظ آباد سے نوشہرہ ورکاں روڈ بھی تعمیر کیا جائے گا۔یونیورسٹی منصوبے بارے انہوں نے کہا آئندہ مالی سال سے قبل چارٹر کی منظوری مکمل کر لی جائیگی اور جلد ضروری شعبہ جات کا آغاز کیا جائے گا۔ حافظ آباد میں الیکٹرک بس سروس بھی جلدشروع کی جا رہی ہے ، ضلع کے پانچ سے زائد دیہاتوںچک بھٹی، مصطفی آباد، بھون کلاں اور دیگر علاقوں کو مثالی گاؤں کا درجہ دیکر بنیادی سہولیات فراہم کی جائینگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں