نوشہرہ ورکاں بار کی پولیس کیخلاف ہڑتال ، کچہری میں داخلہ بند
کچہری کے مرکزی دروازے پر وکیل کی اسلحہ کے زور پرگاڑی روکنے کے واقعہ کی مذمت
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر،نمائندہ دنیا )تحصیل بار ایسوسی ایشن نے ڈی ایس پی، ایس ایچ او کوٹ لدھا اور دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف غیر معینہ مدت تک ہڑتال،کچہری میں پولیس کے داخلے پر مکمل پابندی عائد،احتجاج کے باعث پولیس اہلکار ملزموں کے ریمانڈ کیلئے عدالتوں میں پیش نہ ہو سکے ۔بتایاگیا ہے کہ تحصیل بار نوشہرہ ورکاں کے ہنگامی اجلاس میں تھانہ کوٹ لدھا پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر اسلحہ کے زور پر کچہری کے مرکزی دروازے پر رکن تحصیل بار سیٹھ عباس ایڈووکیٹ کی گاڑی روک کر ان پر حملہ کرنے کے واقعہ کی شدید مذمت کی گئی۔ وکلا رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں لیا جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔لبار اجلاس میں وکلا برادری نے ڈی ایس پی نوشہرہ ورکاں، ایس ایچ او کوٹ لدھا اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کی فوری معطلی، ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور فوجداری کارروائی کا مطالبہ کیا۔بار رجیم کی جانب سے جاری ہنگامی نوٹس کے بعد گزشتہ روز تحصیل کچہری میں وکلا برادری سراپا احتجاج رہی، وکلا عدالتوں کے باہر موجود رہے جبکہ پولیس کا کچہری میں داخلہ مکمل طور پر بند رکھا گیااس دوران عدالتی امور بھی شدید متاثر رہے اور کئی مقدمات کی سماعت نہ ہو سکی ۔ صدر تحصیل بار ابوذر مہدی اور جنرل سیکرٹری حافظ سہیل رسول گجر کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی ۔