ماس ٹرانزٹ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت
منصوبہ جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم قدم:کمشنر
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے پراجیکٹ ڈائریکٹر و سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر)زاہد سعید کے ہمراہ ماس ٹرانزٹ سسٹم منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نوید احمد بھی شریک تھے جبکہ متعلقہ محکموں کے افسر وں نے منصوبے پر جاری پیش رفت، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔ کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماس ٹرانزٹ سسٹم گوجرانوالہ شہر کے عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام مراحل کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نجات اور بہتر سفری سہولتیں میسر آ سکیں۔کیپٹن (ر) زاہد سعید نے اس موقع پر کہا کہ ماس ٹرانزٹ منصوبہ شہری ترقی اور جدید انفراسٹرکچر کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔