خود ساختہ ذبح خانے، مضر صحت گوشت فروخت
ضلعی انتظامیہ کی چشم پوشی اور لائیو سٹاک کی غفلت کے باعث سیالکوٹ اور نواح میں قصاب سڑکوں کے کنارے بیمار، لاغر جانور ذبح کرنے لگے ،حکام نوٹس لیں:شہری
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ضلعی انتظامیہ کی چشم پوشی اور محکمہ لائیو سٹاک کی غفلت کے باعث سیالکوٹ میں قصاب مافیا نے خود ساختہ سلاٹر ہا ئوس قائم کر لئے ، جگہ جگہ جانور ذبح اور جعلی مہریں لگا کر گوشت فروخت ہونے لگا ۔سیالکوٹ اور گردونواح میں قصابوں نے جعلی سلاٹر ہا ئوس بناکر خود ہی جانور ذبح کرکے جعلی مہریں لگا کر فروخت کرنے کا کاروبار شروع کررکھا ہے ،ایک دو جانور سلاٹر ہا ئو س میں ذبح کرکے باقی خود ہی ذبح کر تے ہیں جس سے قومی اداروں کو بھی نقصان ہورہا ہے اور بیمار جانوروں کو ذبح کرنے کی اطلاعات بھی ہیں جس پر محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ فوڈ نے مسلسل چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے ۔ سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں میں ایسی ہی صورتحال ہے ۔ دیہی سطح پر سلاٹر ہا ئوس کا کوئی سلسلہ نہیں اور نہ قصابوں کو سلاٹر ہا ئوس کا مطلب پتہ ہے وہ قصاب سڑکوں کے کنارے صبح سویرے جانور ذبح کرتے ہیں اور گوشت کی فروخت شروع کر دیتے ہیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ قصابوں کی جانب سے ذبح کئے جانے والے اکثر جانور بیمار ، لاغر بھی ہوتے ہیں۔اکثر قصاب گوشت کو پانی بھی لگا لیتے ہیں جس سے وزن بڑھ جاتا ہے اور پانی لگا کر وزن بڑھنے سے گوشت مضر صحت ہو جاتا ہے ۔شہریوں نے ارباب اختیارسے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔