جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، منڈیوں میں گاہک نہ ہونے کے برابر
پچھلے سال کی نسبت دوگنی قیمتوں کی ڈیمانڈ، لوگ ریٹ سن کر لو ٹنے پر مجبور ، قربانی کرنا مشکل ہو گیا :شہری ،ٹرانسپورٹ کرائے 4 گنا بڑھ چکے ہیں،جانور مہنگے مل رہے :بیو پاری
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ میں قربانی جانوروں کی خرید وفرخت کیلئے 14مویشی منڈیاں سج گئی ہیں ،مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانور تو موجود ہیں لیکن گاہک صرف قیمت پوچھنے کی حد تک ہی منڈیوں میں آرہے ہیں ۔ گوجرانوالہ کی منڈیوں میں پنجاب کے دور دراز کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے بیوپاریوں نے بکروں ،چھتروں ، بیل اور اونٹوں کے ہمراہ ڈیرے ڈال د ئیے ہیں۔شہری قربانی کا جانور خریدنے کیلئے مویشی منڈیوں میں پہنچ رہے ہیں لیکن قیمتوں کا سن کر بغیر کچھ خریدے واپس چلے جاتے ہیں ۔پچھلے سال 70 ہزار روپے میں فروخت ہونے والے بکر ے کا بیوپاری ایک لاکھ 50ہزار روپے ڈیمانڈ کر رہے ہیں ،90ہزار میں ملنے والے تگڑے چھتر ے کا اس سال بیوپاری ایک لاکھ 70ہزار روپے مانگ رہے ہیں ،بیل کی بھی پچھلے سال کی نسبت دوگنا قیمتیں مانگی جا رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عام آدمی کیلئے قربانی کر نا مشکل ہو گیا ۔ بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ دور دراز سے جانور لے کر آئے ہیں ، انہیں مہنگے مل رہے ہیں ، ٹرانسپورٹ کرائے 4 گنا بڑھ چکے ہیں،گاہک نہ ہونے کے برابرہیں ۔