محرم کے جلوسوں، مجالس کو فول پروف سکیورٹی دینگے : آرپی او
خرم شہزادکی سٹی پولیس آفیسر غیاث گل کے ہمراہ دوامام بارگاہوں کے دورے پر گفتگو
گوجرانوالہ،قلعہ دیدار سنگھ (کرائم رپورٹر، نامہ نگار)ریجنل پولیس آفیسرخرم شہزاد حیدر وڑائچ نے سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر غیاث گل خاں کے ہمراہ امام بارگاہ گلستان معرفت کالج روڈ اورامام بارگاہ حسینیہ قلعہ دیدار سنگھ کے روٹس کا وزٹ کیا ۔آر پی او نے منتظمین سے بات چیت کرتے کہا ہے کہ محرم کے دوران تمام جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے گی۔ پولیس افسر اور جوان الرٹ رہتے ہوئے اپنی ڈیوٹی انجام دیں گے ۔امن برقرار رکھنے کے لئے شر پسند عناصر پر کڑی نظر ہوگی۔ اس موقع پر سی پی او نے آر پی او کو سکیورٹی پلان پربریفنگ دی۔ آر پی او کا کہنا تھا کہ محرم کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی پلان پر عمل درآمد اور جلوس ہائے کے دوران قانون اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پرنصب واک تھرو گیٹس کے ذریعے شرکا کی مکمل تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ جلوس روٹس میں بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے اور تمام روٹس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے زریعے مانیٹرنگ کی جائیگی جس کیلئے کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ محرم کے دوران امن و امان خراب کرنے والے عناصر کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ رضا کاروں کی ڈیوٹی کا بھی لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ہے ۔ آر پی او خرم شہزاد وڑائچ ،سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان ایس ایس سٹی میڈم نیک بخت خان اور دیگر افسروں نے محرم کے سلسلہ میں قلعہ دیدار سنگھ کے مختلف علاقوں کا وزٹ کیا ، آر پی نے ہدایات جاری کرتے کہا کہ جلوسوں اور مجالس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ، روٹس اور امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔