ماس ٹرانزٹ منصوبہ مقررہ ٹائم میں مکمل کیا جائے : کمشنر
تمام اضلاع میں پیرا کی کارروائیوں کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے :خطاب
گوجرانولہ(سٹاف رپورٹر )کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے کہا ہے کہ ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبہ گوجرانوالہ کی ترقی، ٹریفک مسائل کے حل اور عوام کو جدید سفری سہولیات فراہمی کیلئے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماس ٹرانزٹ منصوبہ کی پیشرفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔ سابق چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید ،ڈپٹی کمشنر نوید احمد سمیت متعلقہ محکموں کے افسر شریک تھے ۔ مجوزہ روٹس، انفراسٹرکچر کی ضروریات، فزیبلٹی اور آئندہ لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل کیلئے تمام متعلقہ ادارے ٹائم لائن کے اندر اندر باہمی تعاون سے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد جدید، محفوظ اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت مل سکے ۔ زاہد سعید نے خطاب کرتے کہا ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبہ دسمبر 2026 تک پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے گا۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے پیرافورس گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن کی کارکردگی بارے ویڈیو لنک جائزہ اجلاس سے خطاب میں پیرا فورس اپنی ذمہ داریاں عوامی خدمت کے جذبے سے انجام دے تاکہ ادارے پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہو۔ تمام اضلاع میں پیرا کی کارروائیوں کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے ۔غیر قانونی سرگرمیوں، تجاوزات پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ محکموں سے مکمل رابطہ رکھا جائے۔