پیرا فورس کارروائی قبل اعتماد میں لے :انجمن تاجران
سیالکوٹ چیمبر اور مرکزی انجمن تاجران سے رابطہ رکھا جائیگا:ایس ڈی او پیرا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر ) مرکزی انجمن تاجران نے پیرا فورس سے تاجروں کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کر دیا۔ مرکزی انجمن تاجران سیالکوٹ کے صدر حاجی غلام مجتبیٰ مہر نے کہا ہے کہ بازاروں میں کارروائی اور دکانوں کو سیل کرنے سے قبل متعلقہ تاجروں کو مناسب وارننگ دی جائے اور متعلقہ بازاروں کے صدور اور جنرل سیکرٹریوں کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ معاملات افہام و تفہیم سے حل ہو سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئی تعینات ہونے والی پیرا فورسز کی ایس ڈی او روباب سعید کے اعزاز میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران سیالکوٹ کے عہدیداران اور ممبران کے ساتھ پیرا فورسز کا مسلسل رابطہ مثبت نتائج کا حامل ہوگا اور انتظامیہ و تاجروں کے درمیان اعتماد کی فضا قائم ہوگی۔اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر سید احتشام مظہر نے نئی تعینات ہونے والی ایس ڈی او ر باب سعید کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ سیالکوٹ کے شہری باشعور اور قانون کا احترام کرنے والے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شہر کی بہتری اور عوامی مفاد کے لیے چیمبر اور تاجر برادری ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے ۔ایس ڈی او پیرا فورسز روباب سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اور مرکزی انجمن تاجران رجسٹرڈ سیالکوٹ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے گا اور تاجروں کی شکایات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے ۔