بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ، 160 ٹرانسفارمرخراب: گھنٹوں بندش پانی کی قلت
گرمی کی شدت بڑھتے ہی بیشتر فیڈر فنی خرابی کا شکار ‘شہری علاقوں میں اوورلوڈنگ کے باعث وولٹیج انتہائی کم‘برقی آلات متاثر‘اوورلوڈنگ کے با عث مسائل ہیں :حکام
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گرمی کی شدت بڑھتے ہی گیپکو کا بجلی ترسیلی نظام شدید متاثر،گوجرانوالہ ڈویژن میں گیپکو کے 160 ٹرانسفارمرز خراب ہوگئے اور بیشتر فیڈرز بھی فنی خرابی کا شکار ہوگئے ، فنی خرابی کے باعث بجلی کی ترسیل مسلسل گھنٹوں بند رہنے لگی، شدید گرمی میں شہری اور دیہی علاقوں میں عوام پانی کو بھی ترسنے لگے جبکہ شہری علاقوں میں اوورلوڈنگ کے باعث وولٹیج انتہائی کم رہنے لگی، وولٹیج ٹرپ ہونے سے گھریلو اشیا بھی جھلسنے کے واقعات رونما ہوئے ، گھنٹوں بجلی کی بندش اور وولٹیج ٹرپنگ کے باعث شہری اور تاجر سراپا احتجاج بن گئے ، رواں ہفتے کے دوران گوجرانوالہ ڈویژن میں گیپکو کے 160 مختلف کیپسٹی کے ٹرانسفارمرز جھلسنے اور خراب ہوئے سب سے زیادہ فاروق گنج سب ڈویژن ،گرجاکھی گیٹ،چمن شاہ سب ڈویژن میں بجلی کی خرابی اور ٹرانسمیشن لائنوں کی فنی خرابی کے واقعات ہوئے ۔ گیپکو حکام کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں سسٹم اوور لوڈ ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے تکنیکی مسائل پیش آ رہے ہیں جن کی بحالی کیلئے 24گھنٹے ٹیموں کو الرٹ رکھاگیاہے ۔