ماس ٹرانزٹ کیلئے فنڈز نہیں ،شہر اکھاڑ دیا :تشکل وڑائچ
ماس ٹرانزٹ کیلئے فنڈز نہیں ،شہر اکھاڑ دیا :تشکل وڑائچ کاروبار بند ، تاجر پریشان ،گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا:اسمبلی میں خطاب
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف کے ممبر پنجاب اسمبلی تشکل عباس وڑائچ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے پاس بجٹ نہیں اورماس ٹرانزٹ کے نام پر شہر کو ایمن آباد سے گکھڑ تک اکھاڑ کر رکھ دیا گیا ۔پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پاس اگر فنڈ نہیں تھے تو ماس ٹرانزٹ منصوبے کے نام پر گوجرانوالہ شہر کو برباد کرنے کی کیا ضرورت تھی62 ارب کے پراجیکٹ کیلئے پنجاب حکومت نے اس سال13 ارب جا ری کئے ہیں اس طرح یہ منصوبہ اگلے دس سال میں بھی مکمل نہیں ہو پائے گا، تاجر پریشان ہیں کاروبار بند ہو چکے ہیں، گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے ، مٹی اور گردوغبار سے لوگ سانس کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی پی70 میں نواب چوک سے بتالہ تک 12کلو میٹر اور حافظ آباد روڈ پر مان موڑ سے مان گاؤں تک 3 کلو میٹر کی سڑک کے ساتھ ساتھ دیہات کی سڑکیں تباہ حال ہو چکی ہیں لیکن پنجاب حکومت ان علاقے کے مکینوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے ، حکومت عوام کے لئے بجٹ میں کوئی ریلیف نہیں لیکر آئی بلکہ بجٹ کو اشرافیہ اور امیروں کا بجٹ کہا جانا چاہیے ۔