سیالکوٹ ایئر پورٹ :کارگو ٹریمنل پر جدید سکینگ مشین نصب
سیالکوٹ ایئر پورٹ :کارگو ٹریمنل پر جدید سکینگ مشین نصب ای ڈی ایس مشین ایک گھنٹے میں 1800بیگز سکین کرنے کی صلاحیت رکھتی :چیئرمین
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے کارگو ٹریمنل پر پاکستان کی پہلی ای ڈی ایس مشین نصب کردی گئی ، چیئرمین سیال حسن علی بھٹی اور چیئرمین ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ عمر سعید کی جانب سے افتتاح کیا گیا۔ تقریب میں وائس چیئرمین سیال وقاص افضل، ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز سیال، ڈائریکٹر ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ عباس مہدی اور ڈی جی ٹی ڈیپ خالد رسول سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین سیال حسن علی بھٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیالکوٹ ایئرپورٹ کارگو ٹرمنل میں ملک کی پہلی ای ڈی ایس مشین کی تنصیب ہمارے لئے باعث اعزاز ہے ۔
انکا کہنا تھا اس سسٹم کے نفاذ پر ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی معاونت پر مشکور ہیں ، تقریب کا مقصد پاکستان میں جدید مشین کے نصب سے زیادہ بین الاقوامی سطح پر اس بات کو واضح کرنا ہے کہ پاکستان سے کارگو کی ترسیل بروقت، محفوظ اور عالمی معیار کے عین مطابق ممکن ہے ، اس جدید مشین کے ذریعے محفوظ کارگو ہینڈلنگ ممکن ہوگی۔ چیئرمین سیال نے بتایا کہ ای ڈی ایس مشین ایک گھنٹے میں 1800بیگز کو سکین کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور یہ اس دور کی جدید ترین ٹیکنالوجی ہے ۔چیئرمین ایکسپورٹ ڈولپمنٹ فنڈ عمر سعید کا کہنا تھا کہ ایکسپلوسیو ڈیٹیکشن سسٹم کے نفاذ سے سیالکوٹ ائیرپورٹ سے بیرون ملک کارگو کی ترسیل بروقت اور مستند انداز میں ممکن ہوگی۔