نویں، دسویں محرم پر جلوس،مجالس کی سکیورٹی، 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات
قیام امن، مذہبی ہم آہنگی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں 192 جلوس اور 227 مجالس ہونگی ،اہلکار چوکس رہ کرڈیوٹی دیں :سی پی او
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)نویں اور دسویں محرم کو گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں 227مجالس اور 192 جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 4 ہزار سے زائد پولیس افسر اور اہلکار جبکہ 1500 سے زائد رضا کار ڈیوٹی دیں گے ۔سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران قیام امن، مذہبی ہم آہنگی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام پولیس افسر اور جوان ہائی الرٹ رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے ۔سی پی او نے کہا کہ ممبران ضلعی امن کمیٹی، مصالحتی کمیٹی، محافظ کمیٹی، محلہ کمیٹی، تاجر تنظیموں کے نمائندگان اور دیگر سماجی تنظیموں کے عہدیدار وں کے ساتھ قریبی روابط استوار کئے جائیں۔ اسی طرح سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، ٹیلی فون اور ضلعی انتظامیہ کے فوکل پرسنز کے ساتھ مکمل کوآرڈی نیشن کے ذریعے مربوط اور جامع لائحہ عمل اختیار کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو مخصوص سکیورٹی کارڈز جاری کئے جائیں ۔