14دیہات کو ماڈل بنانے کیلئے 2ارب روپے مختص
منصوبے مقررہ مدت، اعلیٰ معیار اور شفافیت کیساتھ مکمل کئے جائیں:ڈپٹی کمشنر
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق دیہی علاقوں کی ہمہ جہت ترقی اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے جاری مثالی گاؤں منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر نوید احمد کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس)، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، مثالی گاؤں منصوبے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسر وں نے شرکت کی۔ بریفنگ میں ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ ضلع گوجرانوالہ میں مثالی گاؤں منصوبے کے تحت 14دیہات شامل ہیں جن پر مجموعی طور پرایک ارب 90کروڑ 14 لاکھ 69ہزار روپے لاگت آئیگی۔ مالی سال 2025-26 کیلئے34 کروڑ 30لاکھ روپے جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ مالی سال 2026-27کیلئے 36کروڑ 70لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سے 7کروڑ روپے جاری کئے جا چکے ہیں تاکہ منصوبے پر کام بروقت جاری رکھا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت، اعلیٰ معیار اور مکمل شفافیت کے ساتھ مکمل کئے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments