سیالکوٹ :صفائی ورکرز سیاسی ڈیروں پر مصروف، نظام متاثر
فتح گڑھ روڈ حاجی پورہ غوث پورہ بی بی سی چوک پر جگہ جگہ کوڑے کے انبار
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ستھرا پنجاب اور واسا کی کارکردگی پر سوالیہ نشان، بلدیاتی انتخابات کی سیاسی گہماگہمی کے دوران صفائی کا نظام شدید متاثر ہونے لگا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی کے ذمہ دار عملے کو عوامی علاقوں کے بجائے بااثر افراد اور وڈیروں کے ڈیروں کی صفائی میں مصروف کر دیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب شہر کی اہم شاہراہیں اور گلیاں کوڑے کے ڈھیروں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔فتح گڑھ روڈ حاجی پورہ غوث پورہ بی بی سی چوک پر جگہ جگہ کوڑے کے انبار، ناقص صفائی کے باعث شدید تعفن اور بدبو نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔
گندگی کے باعث مکھیاں اور مچھر پیدا ہونے سے مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا جبکہ روزانہ اس راستے سے گزرنے والے شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔شہریوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے دوٹوک مطالبہ کیا ہے کہ وہ متعلقہ حکام سے بازپرس کریں کہ ستھرا پنجاب اور واسا کا عملہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے ہے یا بااثر افراد کے ڈیروں کی صفائی کے لیے ، عوام کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فتح گڑھ روڈ سمیت تمام متاثرہ علاقوں میں فوری صفائی آپریشن کیا جائے اور صفائی کے نظام کو سیاسی اثرورسوخ سے پاک کرکے بلاامتیاز عوامی خدمت کا ذریعہ بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments