عوامی مسائل کے حل کیلئے فوری ،مؤثر اقدامات کی ہدایت
شہریوں کو بلاوجہ دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور نہیں کیا جائیگا:ڈپٹی کمشنر چنیوٹ
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے گزشتہ روز ڈی سی آفس میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات کی اور مختلف علاقوں سے آئے سائلین کے انفرادی و اجتماعی مسائل اور شکایات تفصیل سے سنیں۔ شہریوں نے اپنے مسائل سے متعلق درخواستیں پیش کیں اور مختلف سرکاری محکموں سے متعلق درپیش مشکلات سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو احکامات جاری کیے اور ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام درخواستوں پر میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے مقررہ مدت میں سائلین کو ریلیف فراہم کیا جائے ،شہریوں کو ان کے جائز مسائل کے حل کیلئے بلاوجہ سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ عوام کو بروقت ریلیف کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنا رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے افسر وں کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر سنیں اور ہر معاملے میں قانون و ضابطے کے مطابق فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments