کینیا میں تجارت ،سرمایہ کاری کے وسیع مواقع :ہائی کمشنر
پاکستان سے چاول کی بہترین تجارت کی جارہی:وزیر آباد میں صنعتکاروں سے خطاب
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )پاکستان میں کینیا کے ہائی کمشنر لیفٹیننٹ جنرل (ر)پیٹر ایم بوگو نے کہا ہے کہ افریقہ 1.4 ارب افراد پر مشتمل ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے ۔ ہم افریقی براعظم میں آزاد تجارتی علاقے کے قیام کیلئے طے شدہ ضوابط اور طریقہ کار کے تحت کام کر رہے ہیں، اس کا مقصد یہ ہے کہ اگر کوئی چیز یا مصنوعات افریقہ کے کسی ایک ملک میں تیار ہوتی ہیں تو انہیں افریقہ کے کسی بھی دوسرے ملک میں بغیر اضافی کسٹم ٹیکس کے منتقل اور تقسیم کیا جا سکے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے وزیرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس علاقائی تجارتی بلاکس بھی موجود ہیں، مشرقی اور جنوبی افریقہ کی مشترکہ منڈی تقریباً 65 کروڑ افراد پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان سے چاول کی بہترین تجارت کی جارہی ہے ، آپ کی ذمہ داری ہے کہ جائزہ لیں کہ ان معاہدوں میں کون سی مصنوعات شامل ہیں اور اگر آپ افریقہ میں اپنا کاروباری مرکز قائم کرتے ہیں تو ان خطوں کی ضروریات اور طلب کو کس طرح پورا کر سکتے ہیں۔ صدر ڈاکٹر سید مظاہر حسین زیدی نے خطاب کے دوران وزیرآباد کی صنعتوں اور مصنوعات کے حوالے سے روشنی ڈالی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments