عوام نے احتجاجی سیاست کو مسترد کر دیا :ذیشان رفیق
وزیر اعلیٰ نے ڈسکہ کی ترقی کیلئے 15 ارب روپے کا پروگرام دیا :صحافیوں سے گفتگو
ڈسکہ(نمائندہ دنیا ،نامہ نگار )صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر احتجاج اور انتشار کی سیاست کو ہوا دینے کی کوشش کی تاہم لاہور، سیالکوٹ اور وزیر آباد میں ہونے والے ناکام احتجاجی مظاہروں نے واضح کردیا ہے کہ عوام نے اس طرزِ سیاست کو مسترد کردیا ،خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے دی جانے والی احتجاجی کال پر عوام کی عدم پذیرائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اب انتشار کے بجائے ترقی، استحکام اور خدمت کی سیاست کو ترجیح دیتے ہیں۔ڈسکہ میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب عوام کسی سیاسی قیادت کے ساتھ کھڑے ہوں تو بڑے سے بڑا چیلنج بھی راستہ نہیں روک سکتا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈسکہ کی ترقی کیلئے 15ارب روپے کا پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام دیا ہے جس کے تحت شہر میں بنیادی شہری سہولیات کی بہتری اور انفراسٹرکچر کی ترقی پر بیک وقت کام جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ڈسکہ میں 102 کلومیٹر طویل سیور لائنز، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و بحالی، 43 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر، ڈسپوزل سٹیشنز اور سٹوریج ٹینک سمیت مختلف ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جبکہ شہریوں کیلئے تفریحی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں پارکس کی تعمیر و بہتری پر بھی کام کیا جا رہا ہے ۔میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ ڈسکہ ٹراما سنٹر کا منصوبہ بھی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق مکمل کرلیا گیا ہے جس سے شہریوں کو صحت کی بہتر اور بروقت سہولیات میسر آئیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments