امریکی شہری قتل کیس ، خاتون کو عمر قید ، ساتھی کو سزائے موت
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) جائیداد کے لالچ میں امریکی شہری شوہر کو قتل کرنے کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا گیا۔
سیشن جج گوجرانوالہ ندیم طاہر سید نے جرم ثابت ہونے پر خاتون مجرمہ راحیلہ رانا کو عمر قید جبکہ اس کے ساتھی افتخار کو سزائے موت سنا دی۔ عدالت نے دونوں مجرموں کو مقتول کے شرعی ورثا کو دس، دس لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔سرکار کی جانب سے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر محمد زبیر جبکہ مدعی مقدمہ سردار عاصم ظہور کی جانب سے احسان خان ایڈووکیٹ نے پیروی کی۔ فیصلے کے موقع پر سکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔تھانہ اروپ میں مقتول کے بیٹے سردار عاصم ظہور کی مدعیت میں یکم جون 2024کو درج مقدمے کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں امریکی شہری سردار ظہور احمد کو ان کے گھر میں قتل کر دیا گیا تھا۔ مقتول ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک تھے جبکہ ان کے بچے امریکہ میں مقیم ہیں۔مقدمے کے مطابق سردار ظہور احمد نے 2022 میں کچا فتومنڈ کی رہائشی راحیلہ رانا سے دوسری شادی کی تھی۔ الزام تھا کہ راحیلہ رانا نے شوہر کی جائیداد حاصل کرنے کے لیے انہیں قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور گھر کے چوکیدار افتخار کو رقم کا لالچ دے کر اپنے ساتھ ملا لیا۔مقدمے کے مطابق وقوعے کی رات راحیلہ رانا نے گھر کا بیرونی دروازہ کھلا رکھا، جس کے بعد افتخار اندر داخل ہوا۔ دونوں نے سردار ظہور احمد کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گلا دبا کر قتل کر دیا۔ قتل کے بعد راحیلہ رانا نے پولیس کو اطلاع دی کہ سردار ظہور احمد واش روم میں گر کر زخمی ہوئے تھے اور بعدازاں ان کا انتقال ہو گیا۔پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی ریکارڈنگ سے واقعے کے حقائق سامنے آئے ، جس کے بعد دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ عدالتی فیصلے کے بعد دونوں مجرموں کو پولیس سکیورٹی میں سزا بھگتنے کے لیے سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments