بی آر ٹی یلو لائن گوجرانوالہ کے تعمیراتی کام میں تیزی
تین شفٹوں میں کام جاری،ڈپٹی کمشنرکا تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے بی آر ٹی یلو لائن میٹرو بس سروس منصوبے کے تحت نہر اپر چناب پل، جی ٹی روڈ نزد مراد آئی ہسپتال کی توسیع اور زیر تعمیر چندا قلعہ انڈر پاس کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کی پیش رفت، رفتار، معیار اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران، ہائی ویز حکام، کنٹریکٹر اور نیسپاک حکام کو ہدایت کی کہ بی آر ٹی یلو لائن منصوبے پر تعمیراتی کام مقررہ ڈیڈ لائن کے مطابق تین شفٹوں میں بلا تعطل جاری رکھا جائے تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہوسکے ۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کے ساتھ انجینئرنگ اسٹینڈرڈز، تعمیراتی معیار اور حفاظتی تقاضوں پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران شہریوں کی آمدورفت کو مدنظر رکھتے ہوئے مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ کام کی رفتار کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے اور غیر ضروری تاخیر کی کوئی گنجائش نہ چھوڑی جائے ۔چندا قلعہ چوک کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے زیر تعمیر بی آر ٹی یلو لائن چندا قلعہ انڈر پاس کے تعمیراتی کاموں کا بھی معائنہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ انڈر پاس کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments