نوشہرہ :ناقص کارکردگی ،ویٹرنری ہسپتال عملے کی انکوائری کا حکم
کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کا دورہ ، ترقیاتی کاموں کا معائنہ ، دھواں چھوڑنے پر بھٹے کو جرمانہ
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر ، نمائندہ دنیا ) کمشنر گوجرانوالہ محمد علی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے نوشہرہ ورکاں کا دورہ کیا ، تعلیمی ادارے ، ٹی ایچ کیو ہسپتال، ریونیو دفاتر اور ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ، دھواں چھوڑنے والے اینٹوں کے بھٹے کو جرمانہ اور ویٹرنری ہسپتال کے عملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول ، تحصیل ہسپتال، اسسٹنٹ کمشنر آفس اور ریونیو دفاتر کا معائنہ کیا اور مختلف شعبوں کی کارکردگی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو احاطہ تحصیل آفس میں اسسٹنٹ کمشنر کی نئی سرکاری رہائش گاہ اور نئے اسسٹنٹ کمشنر آفس کی مجوزہ تعمیر کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا جن پر آئندہ چند روز میں تعمیراتی کام شروع ہونے کی توقع ہے ۔ کمشنر محمد علی نے راستے میں اینٹوں کے بھٹے سے دھواں اٹھتے دیکھ کر فوری نوٹس لیا اور متعلقہ حکام کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے کی ہدایت کی۔ اسی طرح ویٹرنری ہسپتال کے عملے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اہلکاروں کے خلاف انکوائری کا حکم دیا تاکہ مبینہ غفلت اور فرائض میں کوتاہی کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے ۔بعدازاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے شہر میں جاری ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کا معائنہ کیا اور کام کے معیار، رفتار اور پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسر وں کو منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت اور عوامی خدمات کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments