سبزی و فروٹ منڈی سرگودھا کے انتظامی امور بہتر بنانے کا حکم
سبزی و فروٹ منڈی سرگودھا کے انتظامی امور بہتر بنانے کا حکمعوامی شکایات کے فوری ازالے اور منڈی میں سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے سبزی و فروٹ منڈی سرگودھا کے انتظامی امور بہتر بنانے ، الاٹمنٹ کے معاملات میں شفافیت یقینی بنانے ، ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔اس سلسلے میں کمشنر حافظ شوکت علی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں سبزی و فروٹ منڈی کے انتظامی امور، مارکیٹ کی بہتری اور متعلقہ معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، اے ڈی سی ہیڈکوارٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر سرگودھا اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر سرگودھا نے کمشنر حافظ شوکت علی کو سبزی و فروٹ منڈی کی موجودہ صورتحال، انتظامی امور، الاٹمنٹ کے معاملات اور جاری ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے منڈی سے متعلق عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ افسران شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر نگرانی اور ذمہ دارانہ طرز عمل یقینی بنائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ منڈی میں الاٹمنٹ کے تمام معاملات قواعد و ضوابط اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق نمٹائے جائیں، جبکہ جاری ترقیاتی کاموں کو مقررہ معیار کے مطابق بروقت مکمل کرنے کے لیے پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے ۔ انہوں نے مارکیٹ کے انتظامی نظام کو مزید بہتر بنانے ، نظم و ضبط برقرار رکھنے اور تمام متعلقہ امور میں شفافیت یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔کمشنر نے کہا کہ سبزی و فروٹ منڈی کا مؤثر انتظام کاشتکاروں، تاجروں اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے ۔ متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنے فرائض انجام دیں تاکہ منڈی کے نظام کو بہتر بنانے ، عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور اشیائے ضروریہ کی مناسب نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments