کتابیں معاشرتی اصلاح میں کردار ادا کرتی ہیں: عابدحسین قریشی
کتاب ’’عجز عاجزانہ‘‘کی تقریب رونمائی، صدربارسعید احمد بھلی ودیگرکابھی خطاب
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا) سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عابد حسین قریشی نے کہا ہے کہ کتابیں علم و شعور کے فروغ، فکری تربیت اور معاشرتی اصلاح میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ اہل علم و ادب کی تصانیف انسانی سوچ کو وسعت دینے کے ساتھ معاشرے میں مثبت اقدار، اخلاقی تربیت اور علمی روایات کو پروان چڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنی کتاب ‘‘عجز عاجزانہ’’ کی تقریب رونمائی کے موقع پر بار لائبریری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سعید احمد بھلی، سیکرٹری چوہدری شہباز شمس ایڈووکیٹ، سابق صدور شوکت علی چوہدری ایڈووکیٹ اور رانا نصراللہ خان ایڈووکیٹ، سابق سول جج عدنان صفدر کھوکھر، سابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس محمد آصف، میاں ناصر اقبال، حافظ روہبان حفیظ، اسامہ اور میاں مسعود الدین نے بھی خطاب کیا۔صدر سعید احمد بھلی اور سیکرٹری چوہدری شہباز شمس نے کہا کہ عابد حسین قریشی کی کتاب کی تقریب رونمائی علمی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ کی اہم کاوش ہے ۔ عدلیہ، قانون اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات کا علمی و ادبی سرگرمیوں میں حصہ لینا قابل قدر ہے ، کیونکہ ایسی کوششیں معاشرے میں فکری بالیدگی اور مثبت مکالمے کو فروغ دیتی ہیں۔تقریب میں شریک شخصیات نے کتاب کی اشاعت پر مصنف عابد حسین قریشی کو مبارک باد پیش کی اور ان کی علمی و ادبی کاوشوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments