سمبڑیال :مبینہ جعلسازی ‘اختیارات سے تجاوز‘2 پٹواری معطل

سمبڑیال :مبینہ جعلسازی ‘اختیارات سے تجاوز‘2 پٹواری معطل

محمد اعظم اور رفاقت علی کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )تحصیل سمبڑیال میں مبینہ جعل سازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا معاملہ سامنے آگیا،تفصیلات کے مطابق شہری آصف کی زمین سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں پر دو پٹواری معطل ،اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال نے تحصیلدار کی رپورٹ پر محمد اعظم پٹواری اور سابق پٹواری رفاقت علی کو معطل کر دیا دونوں اہلکاروں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ۔ شہری آصف کے مطابق اس نے چند ماہ قبل 9مرلے اراضی حدود سمیت اسٹامپ پیپر پر بیعانہ دے کر موقع پر قبضہ حاصل کیا تھا،مبینہ طور پر پٹواریوں نے اراضی کی ملکیت اور ریونیو ریکارڈ سے متعلق حقائق کی تصدیق کئے بغیر فرد جاری کیا،شہری کے دعوے کے مطابق فرد کے اجراکے وقت متعلقہ ریکارڈ میں فروخت کنندگان کی ملکیت ثابت نہیں تھی، مبینہ بے ضابطگیوں کے بعد اراضی کی رجسٹری بھی کر ا دی گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے معطل اہلکاروں کو دورانِ معطلی تحصیل آفس سمبڑیال میں حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی جبکہ متعلقہ حکام کو دونوں پٹواریوں کی یوزر آئی ڈیز تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ،اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال نے متاثرہ شہری کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...