حافظ آباد میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کلین اپ کا فیصلہ
بازاروں اور شاہراہوں سے بلا تفریق تجاوزات ختم کرینگے :ڈی سی
حافظ آباد (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر سید حسین بہادر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر اندرون شہر عارضی اور پختہ تجاوزات کے خلاف وسیع پیمانے پر آپریشن کلین اپ شروع کیا جا رہا ہے ۔ تمام مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراہوں سے بلا تفریق عارضی اور پختہ تجاوزات ختم کی جائیں گی تاکہ ٹریفک کے نظام میں بہتری لائی جا سکے اور شہریوں کو سہولت فراہم ہو۔ چھوٹی بڑی مارکیٹوں اور بازاروں کے تاجر و دکاندار اپنی حدود میں رہتے ہوئے کاروبار کریں۔ ضلعی انتظامیہ تاجروں کے کاروبار کو فروغ دینا چاہتی ہے، لیکن تجاوزات کی آڑ میں کسی کو کاروبار کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار تاجر تنظیموں اور میڈیا نمائندگان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون جعفری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ بلاول علی ہنجراء، ایس ڈی ای او پیرا فورس اور دیگر افسران بھی شریک تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کلین اپ شروع کرنے کا مقصد کسی تاجر، دکاندار یا شہری کو بلاوجہ تنگ کرنا نہیں، تاہم قانون کے مطابق تمام پختہ اور عارضی تجاوزات ختم کی جائیں گی اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments