اسرائیل کا مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے فوجیں واپس بلانے کا اعلان
غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے اپنی فوجیں واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ انخلا 10 روزہ سکیورٹی اور فوجی آپریشن کے اختتام پر عمل میں آیا، جو دو فلسطینیوں کے حملے میں دو اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد شروع کیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوجی آپریشن کے دوران تین ہزار سے زائد فلسطینیوں کو اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنا پڑی، اس دوران اسرائیلی فورسز نے شہر الخلیل اور اس کے گردونواح کا محاصرہ کر رکھا تھا۔
اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ کارروائی کا مقصد حملے میں ملوث مسلح افراد کی تلاش تھا، فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق الخلیل کے گورنر خالد دودین نے بتایا کہ ’اسرائیلی فوج شہر سے نکل چکی ہے اور اس کے انخلا کے بعد فلسطینی سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہر کے محلے الجلدا، عین دیر باہا اور دیگر علاقوں میں خاندانوں نے اپنے گھروں کو واپس جانا شروع کر دیا ہے، یہ علاقے کئی روز تک سخت فوجی پابندیوں اور محاصرے کی زد میں رہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments