اماراتی ارب پتی شخص نے مصری فٹبال کلب خریدنے کی خبروں کی تردید کر دی

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے معروف ارب پتی کاروباری شخصیت خلف الحبتور نے مصری فٹبال کلب الزمالک خریدنے یا اس سے منسلک فٹبال کمپنی میں سرمایہ کاری کرنے کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

خلف الحبتور نے اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا میں گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، انہوں نے نہ تو کلب خریدنے کی کوئی پیشکش کی ہے اور نہ ہی سرمایہ کاری کے حوالے سے کسی قسم کے مذاکرات کیے ہیں، مالی پیشکشوں اور مبینہ معاہدوں سے متعلق شائع ہونے والی تفصیلات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے تاریخی مصری کلب الزمالک، دیگر مصری کھیلوں کے اداروں اور ان کے شائقین کیلئے اپنے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ مصری نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی کامیابیوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔

خلف الحبتور کا کہنا تھا کہ کھیلوں اور نوجوانوں کی معاونت کرنا ایک الگ معاملہ ہے، جبکہ فٹبال کلبوں میں سرمایہ کاری، ان کا انتظام اور انہیں ترقی دینا بالکل مختلف شعبہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس شعبے میں ان کی کوئی سرمایہ کاری نہیں اور نہ ہی مستقبل میں ایسے کسی منصوبے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے رواں سال فیفا ورلڈ کپ میں مصری ٹیم کی کارکردگی کے اعتراف میں مصری فٹبال ایسوسی ایشن کے تعاون سے تمام کھلاڑیوں کو مٹسوبشی گاڑیاں تحفے میں بھی دی تھیں۔

دوسری جانب خلف الحبتور گروپ نے اسی روز لبنان میں اپنی تمام جائیدادیں اور سرمایہ کاری فروخت کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جن میں ہوٹلز، تجارتی و رہائشی املاک اور اراضی شامل ہیں۔

خلف الحبتور نے میڈیا پر زور دیا کہ ان کے نام، منصوبوں اور سرمایہ کاری سے متعلق خبریں شائع کرنے سے پہلے حقائق کی تصدیق کی جائے۔

انہوں نے مصر اور اس کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے الزمالک سمیت تمام مصری فٹبال کلبوں کی مزید کامیابیوں کی امید ظاہر کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...