بلبل صحرا گلوکارہ ریشماں کو مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے
لاہور: (دنیا نیوز) سحر انگیز آواز کی مالک بلبل صحرا گلوکارہ ریشماں کی آج تیرہویں برسی منائی جارہی ہے۔
صحرا سے اٹھنے والی اس آواز نے سرحدوں سے ماورا اپنی پہچان بنائی، ریشماں نے منفرد لوک گائیکی سے ٹی وی اور فلمی دنیا میں دھوم مچائی۔
گلِ صحرائی اور لمبی جدائی، معروف لوک گلوکارہ ریشماں 1947ء میں راجستھان میں پیدا ہوئیں، برصغیر کی تقسیم کے بعد ان کا خاندان ہجرت کر کے کراچی منتقل ہو گیا، خانہ بدوش خاندان سے تعلق رکھنے والی ریشماں نے کم عمری میں ہی صوفیانہ کلام گانا شروع کر دیا۔
ریشماں نے کلاسیکی موسیقی کی کوئی تربیت حاصل نہیں کی، ریڈیو کے ایک پروڈیوسر سلیم گیلانی نے لعل شہباز قلندر کے مزار پر ننھی ریشماں کو گاتے ہوئے سنا، 12 سال کی عمر میں ریشماں کو ریڈیو پاکستان پر آواز کا جادو جگانے کا موقع ملا۔
1960ء کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کی بنیاد رکھی گئی تو ریشماں نے ٹی وی کیلئے گانا شروع کر دیا، انہوں نے پاکستانی فلموں کیلئے متعدد گیت گائے اور خوب شہرت سمیٹی، ان کی مقبولیت سرحد پار بھی پہنچی اور بالی ووڈ میں یہ سحر انگیز آواز گونجی۔
ریشماں کو ستارہ امتیاز اور لیجنڈز آف پاکستان کے اعزاز سے بھی نوازا گیا، لوک گلوکارہ 3 نومبر 2013ء میں گلے کے سرطان کے باعث لاہور میں انتقال کر گئی تھیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments