بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر لوٹنے پر 2 مجرموں کو سزا
سلیمان اور اصغر کو 7سال قید با مشقت ،فی کس 2لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)سپیشل جج سینٹرل ٹو (II) گوجرانوالہ نے بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والے دو ملزموں کو جرم ثابت ہونے پر 7، 7سال قیدِ با مشقت اور فی کس 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ۔عدالتی فیصلے کے مطابق سلیمان علی اور اصغر علی نے شکایت کنندہ کے بیٹے کو بیرونِ ملک روزگار فراہم کرنے کا لالچ دے کر بھاری رقم وصول کی تاہم مقررہ وقت پر بیرونِ ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور رقم بھی ہڑپ کرلی۔
متاثرہ شہری کی درخواست پر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف تفتیش مکمل کی اور چالان عدالت میں پیش کیا۔دورانِ سماعت ایف آئی اے کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل زرمینہ مقصود نے ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی نگرانی میں مقدمے کی بھرپور اور مؤثر پیروی کی اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ملزموں پر جرم ثابت کیا۔عدالت نے امیگریشن آرڈیننس 1979 کی دفعہ 22(b) کے تحت دونوں مجرمان کو 7، 7 سال قید با مشقت اور 2، 2 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا، جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرمان کو مزید 3، 3 ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments